کزن کی دھوکے بازی ،شہری انصاف کیلئے نوائے وقت پہنچ گیا

لاہور(نامہ نگار)غریب ڈرائیور اپنے فراڈئیے کزن کی دھوکے بازی کا شکار ہو کر انصاف کیلئے در در کے دھکے کھانے لگا۔موضع دو درائے شرقی چک کمالہ جلالپور جٹاں ضلع گجرات کے عبد الشکور نے روزنامہ نوائے وقت کے دفتر آکر اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2006میں اس کے کزن انہیں 2کنال زمین 2لاکھ میں فروخت کی تھی جس میں سے ایک لاکھ94 ہزارہم نے اسے ادا کر دئیے اور طے پایا کہ جب وہ ہمارے حق میں بیان دیدے گا تو بقیہ 4 ہزار موقع پر ادا کر دیں گے مگر اس کے بعد وہ بہانے بنا کر غائب ہو گیا اور بالاخر زمین ہمارے نام کرانے سے ہی منکر ہو گیا۔عبد الشکور نے بتایا کہ 3 ماہ قبل ہمیں معلوم ہوا کہ وہ ہماری 2 کنال زمین کسی اور کو دوبارہ فروخت کر رہا ہے جس پر ہم نے موقع پر پہنچ کر اسے بتایا کہ یہ زمین ہماری ہے، پہلے ہمارے حسابات ٹھیک کرو جس پر اس نے تسلیم کیا کہ مجھ پر قرضے چڑھے ہوئے ہیں لہٰذا اس کا کوئی طریقہ طے کرتے ہیں۔جس کے بعد ہمارے اور میرے کزن کے درمیان نئے سرے سے زمین کی خرید کا سودا 4لاکھ میں طے پایا اور اسٹامپ پیپر پر سب کے نشان انگوٹھے ہو گئے اور اس نے ہم سے 4لاکھ روپے لے کر 3ماہ کا وقت مانگا۔ اس نے 26 اگست 2022کو ہمارے حق میں بیان دینا تھا۔ اب 3 ماہ سے زائد ہو گئے ہیں مگر ادریس پھر سے غائب ہو گیا ہے۔ عبد الشکور نے وزیر اعلیٰ، آئی جی پنجاب،ڈی سی اور ڈی پی او گجرات سے اپیل کی ہے کہ اسے انصاف دلایا جائے۔ ہمیں ہمارا حق دلایا جائے اور زمین میرے نام کرائی جائے۔

ای پیپر دی نیشن