بہاول پور(بیورو رپورٹ)حکومت پنجاب کی جانب سے بہاول پور اور بہاول نگر ضلع سے تعلق رکھنے والے اقلیتی برادری کے 67 قابل اور ہونہار طلباء وطالبات کو مجموعی طور پر 1785000روپے مالیت کے تعلیمی وظائف کے چیک تقسیم کئے گئے۔اس سلسلہ میں ایک تقریب صادق ڈین ہائی سکول بہاول پور میں منعقد ہوئی جس میں اقلیتی ممبر صوبائی اسمبلی یدھسٹر چوہان نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ممبر صوبائی اسمبلی یدھسٹر چوہان نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتی برداری کو حقوق حاصل ہیں ۔ انہوں نے تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسی جوش و جذبہ کے ساتھ تعلیم حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کے معمار ہیں وہ اپنی صلاحیتوں سے ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر نے اظہار خیال کرتے ہوئے اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سکالرشپ کے حقدار ہونہار طلباء وطالبات کو مبارکباد پیش کی شہلا احسان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان محنت، لگن ،شوق اور دلچسپی سے تعلیم حاصل کریں۔
چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم ظہور احمد چوہان ‘پی ٹی آئی رہنما عدیل اسلم ‘لالہ بہادر چوہان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر بتایا گیا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے میٹرک کے 13ہونہار طلباء وطالبات کو 15ہزار روپے فی کس ، انٹرمیڈیٹ کلاسز کے 22طلباء وطالبات کو 20ہزار روپے فی کس ، گریجویشن کے 18ہونہار طلباء وطالبات کو 30ہزار روپے فی طالب علم، ماسٹرز کی تعلیم حاصل کرنے والے 6ہونہار طلبہ کو 35ہزار روپے فی کس جبکہ ٹیکنیکل ایجوکیشن حاصل کرنے والے 8ہونہار طلباء وطالبات کو 50ہزار روپے فی کس کے حساب سے تعلیمی سکالرشپ کے چیک تقسیم کئے گئے ہیں۔