ملتان (نمائندہ خصوصی) آل پاکستان انجمن تاجران،چیمبر آف سمال ٹریڈرز اور بروکرزایسوسی ایشن ملتان کی جانب سے متاثرین سیلاب کی امداد کے لیے گزشتہ روز بھی لاکھوں مالیت کے سامان کی تیسری کھیپ حاجی پور روانہ کر دی گئی سامان کے ساتھ سات من وزنی جانور بھی بھیجا گیا جسے انجمن تاجران حاجی پور کے تعاون سے سیلاب متاثرین میں پکا کر گوشت کی صورت تقسیم کیاجا ئے گا اس سلسلہ میں سامان روانہ کئے جانے کے موقع پر چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق نے بتایا کہ آج سوموار کو بھی چار سو خاندانوں کے لیے خشک راشن روانہ کیا جائے گا اور ایک اور بڑا صحت مند جانور بھی بھیجا جائے گا، انہوں نے ملتان شہر کے تاجروں اور مخیر حضرات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت سیلاب متاثرین بڑے امتحان میں مبتلا ہیں ہم سب اپنے گھروں میں اپنے بچوں کے ہمراہ عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں، ہمارے لیے بھی یہ لمحہ آزمائش کا ہے روز محشر ہمیں بھی اللہ کے حضور اپنے اعمال کے لیے جوابدہ ہونا ہو گا خواجہ محمد شفیق نے ملتان کے شہریوں تاجروں صنعتکاروں سے دردمندانہ اپیل کی کہ تباہ حال لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھیں سامان بھجوائے جانے کے موقع پر ممتاز علی بابر،حافظ عمر،حاجی اصغر اکبر،شیخ قیصر وحید،چوہدری نور حسن،شیخ عاصم،شیخ ثاقب پرویز،خواجہ یاسر،حافظ مبشر،شیخ زیشان دیگر موجود تھے۔