سیلاب متاثرہ افراد کی مدد سے اللہ خوشنودی حاصل کرسکتے ہیں ،پیرنقیب الرحمن


راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربار ِعالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم ِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے ہمارے آقا و مولا کے تمام فرامین ِ مبارکہ صلہ رحمی، مخلوق ِ خدا کی فلاح و بہبود، دعوت ِ توحید اور مخلوق کو خالق سے ملانے والے ہیں۔ حادیث ِ مبارکہ کے ذریعے قیامت تک آنے والی مخلوق ِ خدا اور بالخصوص امت ِ مسلمہ کو یہ عظیم ترین روشنی عطا ہوئی کہ مخلوق ِ خدا کی فلاح و بہبود رب ِ رحمن کی رضا و خوشنودی کو پانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ آج بھی اسی عظیم تعلیم کو لے کر ہم وطن ِ عزیز میں موجودہ سیلاب سے متاثر لوگوں کی امداد کر کے رب ِ رحمن اور حضور نبی رحمت کی خوشنودی کو پا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں دربار ِ عالیہ عیدگاہ شریف سے پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے اپیل کرتے ہوئے کہا رب ِ رحمن نے ہمیں زندگی میں اپنی رضا پانے کا ایک بہترین موقع عنایت کیا ہے ہم سیلاب سے متاثر اپنے پاکستانی بھائیوں کی مدد اور آباد کاری میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عیدگاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درس ِ حدیث ِ مبارکہ کی تربیتی نشست سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل پر اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن ِ عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواج ِ پاکستان کی سر بلندی، متاثرین ِ سیلاب کی آباد کاری اور اتحاد بین المسلمین کے لیے خصوصی دعا کی۔
پیرنقیب الرحمن

ای پیپر دی نیشن