موہنجوداڑو (نوائے وقت رپورٹ) سندھ میں حالیہ بارشوں سے آثار قدیمہ کے مقامات کو بھی نقصان پہنچا، ان میں سے ایک عالمی شہرت یافتہ موئن جوداڑو کی سائٹ بھی شامل ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ موئن جوداڑو کے کئی آثار کو بارش سے بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ موئن جو دڑو میں کئی مکانات اور گلیوں سمیت سیوریج کی نالیوں کے آثار کو کہیں بہت زیادہ اور کہیں جزوی نقصان پہنچا ہے۔ وزیر کلچر و ثقافت سید سردار شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال سندھ میں توقع سے زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، جہاں آبادیوں کو نقصان پہنچا وہیں عالمی ورثے کی سائٹس کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے لیکن موئن جوداڑو میں بارش رکنے کے فوری بعد کام شروع کر دیا گیا تھا۔ سید سردار شاہ نے بتایا کہ ماہرین آثار قدیمہ کی نگرانی میں موہنجوداڑو کی بحالی کا کام کیا جا رہا ہے۔ موہنجوداڑو ہمارا ایک قیمتی اثاثہ ہے جس کو محفوظ رکھنے کیلئے ہرممکن کوشش بروئے کار لائی جائے گی۔
موہنجو داڑو