عمران خان تقریر پابندی کیس، جج صاحبان کا ہر موضوع پر تبصرہ نامناسب ہے:فواد چوہدری

Sep 05, 2022 | 11:52

ویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقریر پر پابندی کے کیس میں ہائیکورٹ نے سخت ریمارکس دئیے. پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جج صاحبان کا ہر موضوع پر تبصرہ کرنا نامناسب ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ جہاں تک مجھے یاد پڑتا ہے کہ عمران خان نے غیر محبِ وطن کا ذکر ہی نہیں کیا تھا۔ ہر جرنیل اور پاکستانی شہری محبِ وطن ہے۔ٹوئٹر پیغام میں سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے میرٹ پر تقرری کی بات کی تھی۔ ویسے بھی یہ سیاسی معاملہ ہے، عدالتی نہیں۔ جج صاحبان کا ہر موضوع پر کمنٹس دینا نامناسب ہے۔

سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے عمران خان کی تقریر پر پابندی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے ریمارکس کا حوالہ بھی دیا جس میں عدالت کا کہنا تھا کہ کیا یہ کہنا مناسب ہے کہ فوج کے کچھ جرنیل محبِ وطن ہیں اور کچھ نہیں؟
واضح رہے کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے عمران خان کی تقریر براہِ راست نشر کرنے پر پابندی عائد کی تھی جس کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ عمران خان کی تقریر پر پابندی سے متعلق درخواست کی سماعت کر رہے ہیں۔ معزز عدالت نے درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے کہ بڑے ذمہ دار لوگ غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتے ہیں۔

مزیدخبریں