عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا کہیں سے ٹھیکہ لیا ہوا ہے: آصف علی زرداری

Sep 05, 2022 | 15:09

ویب ڈیسک

پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے کہ اس قوم کا فتنہ کون ہے۔
عمران خان کے گزشتہ روز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ساری قوم کو نظر آرہا ہے کہ اس قوم کا فتنہ کون ہے، آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے۔سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن ان کی مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے، اور عمران خان جلسہ جلسہ کھیل رہے ہیں۔
آصف زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں  اور دونوں صوبوں میں سیلاب زدگان کے ساتھ صرف وفاقی حکومت نظر آرہی ہے۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ عمران خان نے ملک کو کمزور کرنے کا کہیں سے ٹھیکہ لیا ہوا ہے جو ہمارے جیتے جی مکمل نہیں ہو سکتا. ہم اداروں اور جرنیلوں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ ہمارے سپاہی سے لیکر پاک فوج کے جرنیل تک ہر ایک بہادر اور محب وطن ہے۔سابق صدر نے بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد بھی دی، کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے روایتی حریف کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا. میری دعائیں اور نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔

مزیدخبریں