چہلم حضرت امام حسینؓ،عرس حضرت گنج بخشؒ:صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی پلان تیار

Sep 05, 2023

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس نے چہلم حضرت امام حسینؓکے موقع پر صوبہ بھر میں منعقدجلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی کر لئے فول پروف سکیورٹی پلان تیار کرلیاہے جبکہ لاہور میں عرس حضرت داتا گنج بخشؒ کی سکیورٹی کیلئے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے جائیں گے۔ آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پرچہلم حضرت امام حسینؓ کے موقع پر تیار کئے گئے سکیورٹی پلان کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں 677 مجالس، 378 جلوس کی سکیورٹی پر 30 ہزار سے زائد افسران، اہلکار اور رضا کار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ لاہور میں 44 مجالس، 5 مرکزی عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 7 ہزار سے زائد افسران، اہلکار و رضا کار تعینات ہوں گے اور تمام دستیاب وسائل کو سکیورٹی انتظامات میں بروئے کار لایا جائے گا۔دریں اثناء ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں گزشتہ روز کھلی کچہری لگائی۔کھلی کچہری میں آئی جی پنجاب نے شہریوں اور پولیس ملازمین کے مسائل سن کران کے حل کیلئے احکامات جاری کئے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے شہریوں کی درخواستوں پر متعلقہ ڈی پی اوز کو فوری کارروائی کرکے رپورٹ بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس افسران روزانہ کی بنیاد پر شہریوں کے مسائل سنیں اور مقامی سطح پر حل کریں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پولیس شہدا کے ساتھ ساتھ دوران سروس انتقال کرنے والے ملازمین کے ورثاء کے ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔

مزیدخبریں