لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ریٹرن فارم میں کی گئی تبدیلیوں کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے کہا ہے کہ تمام ترامیم غیر قانونی ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کو سیو ن ای پر این او سی دے دیا ہے پھر ایف بی آر کس قانون کے تحت من مرضی کے فیصلے کر رہا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین اورجنرل سیکرٹری قمرالزمان چودھری کی جانب سے چیئرمین ایف بی آر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ایف بی آر انکم ٹیکس ریٹرن اور ویلتھ سٹیٹمنٹ میں کی گئی تبدیلیاں واپس لے وگرنہ ملک بھر کی 36ٹیکس بارز احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گی۔جب انکم ٹیکس ریٹرن مکمل اور غلطیوں سے پاک ہوگی تو اس دن سے 90روز کا وقت دیا جائے۔ایف بی آر نے اپنی من مرضی سے 36لاکھ ٹیکس دہندگان کو تکلیف اور مشکلات میں ڈال کر دوماہ کی محنت ضائع کردی ہے۔