پاکستان‘ امریکہ سلامتی معاشی شعبوں میں تعلقات کو وسعت دینے میں کامیاب رہے: مسعود خان

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ گزشتہ دو سال کے دوران پاکستان اور امریکہ سلامتی  کے شعبے میں تعاون برقرار رکھنے اور معاشی شعبے میں اپنے تعلقات کو وسعت دینے میں کامیاب رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیو میکسیکو کے ممتاز تھنک ٹینک گلوبل SANTA FE میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ اگرچہ امریکہ نے افغانستان سے اپنے فوجی واپس بلا لئے ہیں اور دنیا کے اس حصے میں اس کی موجودگی میں کمی آئی ہے تاہم دہشت گردی کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد پاکستانیوں کو ہلاک کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان سے امریکی فوجوں کے انخلاء  کے بعد سے اب تک 15 سو سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ پاکستانی سفیر نے کہاکہ امریکہ اور پاکستان دونوں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون کے ذریعے اس ناسور کا خاتمہ کریں گے۔  امریکہ اور پاکستان کی یہ مشترکہ ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان میں استحکام کیلئے کردار ادا کریں کیونکہ پورے خطے میں استحکام کا انحصار افغانستان میں استحکام پر منحصر ہے۔

ای پیپر دی نیشن