سوچی (انٹرنیشنل ڈیسک) روس کے شہر سوچی میں صدر ولادیمیر پیوٹن اور ترک صدر رجب طیب اردگان کے درمیان تین گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ دونوں صدور نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ آج کی بات چیت تعمیری اور کاروباری طرز پر رہی۔ ہم باہمی معاملات میں مقامی کرنسی کے استعمال میں اضافہ کر رہے ہیں۔ یوکرائن تنازعہ اور اناج برآمدات پر بھی بات ہوئی‘ روس نے کبھی یوکرائن تنازعہ پر بات چیت سے انکار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ روس سے طے کی گئی شرائط پوری ہوتے ہی اناج معاہدے میں واپس آ جائیں گے۔ طیب اردگان نے کہا کہ صدر پیوٹن سے زراعت‘ سیاحت‘ مالیاتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی ہے۔ یوکرائن اناج برآمدات معاہدے کی بحالی کا حل جلد نکلنے کی امید ہے۔ اناج معاہدے کیلئے یوکرائن کو روس کے خلاف اپنا مؤقف نرم کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ غریب ممالک تک اناج کی فراہمی چاہتا ہے۔ روس سے بھی یہ بات کی ہے‘ روس نے غریب ممالک تک اناج کی رسائی پر کام کرنے کیلئے اتفاق کیا ہے۔