پٹرول‘ ڈالر کی قیمت میں کمی تک بجلی سستی ہونے کا امکان نہیں: نگران وزیر توانائی

Sep 05, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) نگران وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ جب تک پٹرول اور ڈالر کی قیمت میں کمی نہیں ہوتی بجلی سستی ہونے کا کوئی امکان نہیں۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران نگران وزیر توانائی نے کہا کہ 60 فیصد بلنگ ریکوری نہیں ہوتی، اس پر کام کر رہے ہیں۔  ہم آہستہ آہستہ چیزوں کو ٹھیک کر رہے ہیں، 2020ء سے قبل فرنس آئل سے فائدہ نہیں تھا آج ہو رہا ہے۔ 5 ڈسکوز میں جہاں بجلی چوری ہے وہاں کریک ڈاؤن کریں گے۔ پی آئی اے، سٹیل ملز بند نہیں کرسکتے، لاکھوں لوگوں کا روزگار ہے۔ چینی کی سمگلنگ اور قیمت پر بھی میٹنگز چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئے ہوئے 3 ہفتے ہوئے ہیں، پوچھتا ہوں سینٹ، قومی اسمبلی میں کون بیٹھے ہوئے تھے، سینیٹر مشتاق بھی اس وقت موجود تھے، یہ فیصلے ہم نے نہیں کیے۔ آئی پی پیز کے خلاف کارروائی کی کوئی سفارش نہیں کی۔ ہم آئی پی پیز کی حمایت نہیں کر رہے۔ بجلی ملازمین کو مفت بجلی ملنے کا کنٹریکٹ کئی سال سے ہے۔ پاکستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیرڈاکٹر رضا امیری مغدام نے نگران وفاقی وزیر برائے بجلی و پٹرولیم محمد علی سے ملاقات کی۔ فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ نگران وفاقی وزیر محمد علی نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ ایران اور پاکستان کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات پڑوسی ملک ایران کے ساتھ تعاون کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ سفیر  نے علاقائی تعاون میں نگران وفاقی وزیر کی دلچسپی کو سراہا اور اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے حکومت پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔

مزیدخبریں