واشنگٹن‘ نئی دہلی (این این آئی) امریکی صدر جوبائیڈن نے بھارت میں ہونے والے جی20 اجلاس میں چینی صدر کی شرکت نہ کرنے کے امکان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جوبائیڈن نے کہا جی20 میں چینی صدر شی جن پنگ کے شرکت نہ کرنے کے امکان کی رپورٹ پر مایوس ہوا ہوں۔ میں مایوس ہوں لیکن میں ان سے ملنے جا رہا ہوں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے یہ نہیں بتایا کہ چینی صدر سے یہ ملاقات کب ہوگی۔ واضح رہے کہ بھارت میں جی20 سربراہی اجلاس 9 اور 10ستمبر کو نئی دہلی میں ہوگا۔ روسی صدر پیوٹن بھی بھارت میں جی20 اجلاس میں شرکت نہیں کر رہے۔ خالصتان تحریک کے معروف رہنما اور سکھز فار جسٹس (ایس ایف جے) کے بانی گرپتونت سنگھ پنن نے سکھوں اور کشمیری مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ستمبر کے دوسرے ہفتے میں نئی دہلی پہنچ جائیں اور جی 20سربراہی اجلاس کے مقام کی طرف مارچ کریں۔ ایک ویڈیو پیغام میں لوگوں سے پریگتی میدان کی طرف مارچ کرنے کی اپیل کی جہاں نماز جمعہ کے بعد سربراہی اجلاس ہوگا۔ انہوں نے دہلی کے آئی جی آئی ہوائی اڈے پر خالصتانی پرچم لہرانے کی بھی دھمکی دی۔ یہ بیان دہلی بھر کے کئی میٹرو سٹیشنوں پر خالصتان کے حق میں وال چاکنگ کے چند دن بعد سامنے آیا ہے۔ پولیس نے بھارت مخالف نعرے درج کرنے پر ایس ایف جے سے وابستہ دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ حکام نے بتایا کہ یہ نعرے گروپتونت سنگھ پنن کے کہنے پر تحریرکئے گئے تھے۔ پنجابی باغ، شیواجی پارک، ماڑی پور، پشچم وہار، صنعت نگر، مہاراجہ سورجمل سٹیڈیم اور نانگلوئی سمیت میٹرو سٹیشنوں کی دیواروں پر ’’دہلی بنے گا خالصتان‘‘ اور ’’خالصتان ریفرنڈم زندہ باد‘‘ جیسے نعرے تحریر کیے گئے تھے۔
جی 20اجلاس: چینی صدر کے نہ آنے سے مایوسی، جوبائیڈن: سکھ، مسلمان دہلی مارچ کریں: خالصتان تحریک
Sep 05, 2023