لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کی اپنے خلاف درج مقدمات تفصیلات کیلئے درخواست پر نیب حکام نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے مؤقف اختیار کیا کہ گزشتہ روز نیب نے محمد خان بھٹی کو کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نیب نے کیس میں جواب داخل کروا دیا ہے؟۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی نیب کو اس کیس میں نوٹس ہی جاری نہیں ہوئے۔ درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں محمد خان بھٹی کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزار کے خلاف سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ایک مقدمہ میں رہائی کے بعد دوسرے نامعلوم کیس میں گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ حکومتی ادارے درج کیسز کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کر رہے ہیں۔ درخواست گزار کو اپنے دفاع کیلئے کیسز کی تفصیلات فراہم نہ کرنا قانون کی منشاء کے خلاف ہے۔ عدالت حکومت اور اداروں کو کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
محمد خان بھٹی کی مقدمات تفصیلات کیلئے درخواست‘ نیب حکام سے جواب طلب
Sep 05, 2023