سیکرٹری امور کشمیر کی عدم حاضری پر سینٹ کمیٹی ارکان برہم، شیری رحمن کا واک آئوٹ

Sep 05, 2023

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کشمیر امور کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری امور کشمیر کی عدم حاضری پر ارکان کمیٹی سخت برہم ہو گئے۔ سینیٹر شیری رحمان احتجاجاً واک آؤٹ کر گئیں۔ سینیٹر ساجد میر نے اجلاس کی صدارت کی، سینیٹر شیری رحمان نے کہا کمیٹی کا اجلاس شروع ہے ہم سیکرٹری کا انتظار نہیں کر سکتے، رکن پارلیمنٹ پر یہ لازم نہیں کہ وہ وزارت کے سیکرٹری کا انتظار کرے۔ ارکان کمیٹی کے جانے کے بعد سیکرٹری امور کشمیر بھی اجلاس میں پہنچ گئے۔ سیکرٹری امور کشمیر نے بتایا وزیرقانون کے پاس مصروف تھا اس لئے وقت پر نہیں پہنچ سکا۔ چیئرمین کمیٹی ساجد میر نے کہا وزیرقانون اہم ہیں یا یہ کمیٹی، آپ کو وقت پر آنا چاہئے تھا۔ اب میری کمیٹی کے ارکان چلے گئے ہیں میں کس طرح انہیں بلاؤں۔ اجلاس میں سیکرٹری امور کشمیر اور این ایچ اے حکام میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔ سیکرٹری امور کشمیر نے کہا سی پیک گلگت بلتستان میں صرف کاغذوں میں ہے، عملی طور پر کچھ نہیں۔ ممبر این ایچ اے نے سیکرٹری امور کشمیر کو جواب دیتے ہوئے کہا ایسا نہ کہیں، ایسی بات نہیں ہے۔

مزیدخبریں