لاہور سیالکوٹ موٹروے گوجرانوالہ سے ملانے کیلئے زیرتعمیر سڑک کا دورہ، جلد کیاجائے: محسن نقوی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ  محسن نقوی نے  لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے لئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کے پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 15.2کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک کے پورے روٹ کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ 15.2کلو میٹر طویل لنک روڈ کا تقریباً 50فیصد ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے گوجرانوالہ سے لنک کیا جائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے  منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے اور اعلی تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ منصوبے کی تکمیل سے وقت کے ساتھ ایندھن کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو گی۔ محسن نقوی نے منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے گوادر میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹر کے حادثے پر  افسوس کا اظہار اور  حادثے میں دو افسروں اور ایک جوان کی شہادت پر لواحقین سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن