لاہور ( این این آئی)سابق وزیرداخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عوام کے مسئلے حل کرنے کے لیے سب کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا ۔سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے سماجی رابطے ویب سائٹ ایکس ( سابقہ ٹوئٹر ) پر ایک بیان میں کہا کہ اب مسئلہ سیاسی نہیں رہ گیا بلکہ معاشی اور اقتصادی بن گیا ہے جس کے حل پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ڈرایا جارہا ہے کہ مزید بجلی اور پیٹرول مہنگا ہوگا ، 16 ماہ کی نااہل اور نالائق حکومت اپنے کیس ختم کروا کے غریب کو مہنگائی کے سمندر میں غرق کرکے خود ملک سے فرار ہو گئی ہے۔سابق وزیرداخلہ کاکہنا تھا کہ اگر عوام کو ریلیف نہ ملا تو تکلیف سہنے کی بھی ایک حد ہوتی ہے ، عوام کے جذبات مہنگائی اور بیروزگاری کے ہاتھوں بھڑک رہے ہیں ۔انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا نام ہی ریاست ہے ،بات سیاست سے آگے چلی گئی تو پھر یہ کسی کے بس میں نہیں رہے گی اور اس معاشی بحران کو کوئی بھی حل نہیں نکال پائے گا۔
عوام کے مسئلے حل کرنے کے لئے سب کوسر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا:شیخ رشید
Sep 05, 2023