لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے حج کوٹہ کی تقسیم کے لئے نئی درخواستوں کی وصولی کے خلاف کیس پر وفاقی حکومت، وزارت مذہبی امور سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے درخواستوں کی وصولی کے خلاف حکم امتناعی کی استدعا مسترد کر دی۔ عدالت نے وفاق اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے جواب داخل نہ کروانے پر اظہار برہمی کیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ نے 2013ء میں کوٹہ دینے کا طریقہ کار طے کر دیا تھا، عدالت عظمٰی نے دوستانی کیس میں حج کوٹہ کے متعلق فیصلہ دیا تھا۔ وزارت مذہبی امور نے اشتہار کے ذریعے حج آرگنائزرز سے کوٹہ کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں، درخواستوں کی وصولی میں پرانے اور نئے حج گروپ آرگنائزرز کی تفریق نہیں کی جا رہی ہے۔ نئے حج گروپ آرگنائزرز کو طریقہ کار کے مطابق ہر سال شامل کیا جائے۔ عدالت وزارت کو کوٹے کے لیے دوبارہ درخواستوں کی وصولی سے روکا جائے، عدالت پرانے حج گروپ آرگنائزرز کو 2018ء کی لسٹ کے مطابق کوٹہ جاری کرنے کا حکم دے۔