لاہور( خصوصی نامہنگار ) حضرت سیدنا داتا گنج بخش علی ہجویری کے 980 ویں عرس مقدس کے موقع پر تحریک لبیک یارسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم اور تحریک صراط مستقیم کی طرف سے سالانہ ’’اعلامیہ‘‘ جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا فکرِ گنج بخش سے بے خبر لوگ آج اپنی فکری کجی کو سیدنا گنج بخش کی طرف منسوب مت کریں۔آپ نے عقیدہء توحید و رسالت کے جو اسرار و رموز بتائے، وہ کل کے لیے مینارہء نور بھی تھے اور آج کا ایوانِ سحر بھی ہیں۔ برصغیر پاک و ہند میں اہل سنت و جماعت کا پس منظر داتا گنج بخش ہجویری جیسی ہستیوں سے وابستہ ہے۔ داتا گنج بخش ہجویری قدس سرہ العزیز کے دربار اور افکار پر کسی کو حملہ آور نہیں ہونے دیں گے۔ سیدنا داتا علی ہجویری ے زندگی بھر جن نظریات کے خلاف جہاد کیا،آج ’’مشترکہ مفاداتی کمیشن‘‘ کی طرف سے انہیں مسترد شدہ خیالات کو تعلیماتِ گنج بخش سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ داتا دربار کے تقدس کے منافی بھنگیوں، چرسیوں اور بینڈ باجا بجانے والوں کے خرافات سے داتا دربار کے تقدس کو محفوظ رکھنے میں محکمہ اوقاف مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔داتا دربار اور گرد و نواح کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ عرس شریف کے موقع پر دربار شریف کے تمام رستے کھلے رکھے جائیں۔