لاہور (کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں یوم دفاع کی مناسبت سے لائیو پینٹنگ مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔نوجوان آرٹسٹوں نے کینوس پر حب الوطنی کے رنگ بکھیرے،بہادر سپوتو ں کو خراج تحسین پیش کیا۔لائیو پینٹنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن فرخان نواز، دوسری پوزیشن محمد فاروق جبکہ تیسری پوزیشن زینب نے حاصل کی۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء طارق محمود چوہدری نے مقابلے جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور ان میں اسناد تقسیم کرتے کہا کہ نوجوانوں کی محنت و لگن مثالی ہے‘الحمراء نئی نسل کواہم تاریخی واقعات سے روشناس کروانے کیلئے باقاعدہ سرگرمیاں کرواتا رہتا ہے۔مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 30ہزار،دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 20ہزار جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو 10ہزار روپے انعام دیا گیا۔مقابلے میں پنجاب بھر سے 150نوجوان آرٹسٹوں نے شرکت کی۔جیوری میں شامل نامور آرٹسٹوں آر ایم نعیم،منیٰ ہارون اور بابر مصطفی نے نوجوانوں کی بنائی ہوئی پینٹنگ دیکھی اور فائنل سلیکشن کی۔