ایشیاکپ: سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد افغانستان کو 2 رنز سے ہرادیا

Sep 05, 2023 | 23:15

ویب ڈیسک

ایشیا کپ گروپ ’بی‘ کے تیسرے اور پہلے مرحلے کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کےلیے کوالیفائی کرلیا۔  

سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 291 رنز بنائے، تاہم سپر فور کےلیے کوالیفائی کرنے کےلیے افغانستان کو مطلوبہ ہدف 37.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا جو وہ نہ صرف یہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے بلکہ جیت سے صرف 3 رنز کی دوری پر آل آؤٹ ہوگئے۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔


سری لنکا کا آغاز اچھا رہا جہاں اوپنرز دیمتھ کرونارتنے اور پاتھم نسانکا نے 63 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔ تاہم 80 کے مجموعے تک دونوں بالترتیب 32 اور 41 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، انہیں گلبدین نائب نے آؤٹ کیا۔  

 سری لنکا کو 86 کے مجموعے پر تیسری وکٹ سے بھی محروم ہونا پڑا جب سدیرا سمارا وکراما صرف 3 رنز بنانے کے بعد گلبدین نائب کی گیند پر ہی آؤٹ ہوئے۔ 

ایسے میں کوشال مینڈس اور چریتھ اسالانکا کے درمیان 102 رنز کی پارٹنرشپ نے افغانستان کو پھر بیک فٹ پر دھکیل دیا۔ 

اسالانکا 36 رنز بنا کر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، تاہم ان کے بعد مینڈس کا ساتھ ان فارم دھننجیا ڈی سلوا دینے آئے، ویسے تو وہ 14 رنز کے مہمان ٹھہرے، لیکن انہوں نے پانچویں وکٹ پر 33 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ ڈی سلوا کو 221 کے مجموعے پر مجیب الرحمان نے بولڈ کیا۔ 

226 کے اسکور پر سری لنکا کو پہلے 92 رنز بنانے والے کوشال مینڈس کی صورت میں پھر ایک رن کے بعد کپتان دسن شناکا کی صورت میں نقصان اٹھانا پڑا۔ 

تاہم آٹھویں وکٹ پر دینوتھ ویلالاگا اور مہیش ٹھیکشانا نے 64 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر افغانستان کی سری لنکا کو چھوٹے ٹوٹل تک محدود رکھنے کی خواہش پر پانی پھیر دیا۔ 

سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے۔ 

افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب 60 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ راشد خان نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک آؤٹ کیا۔ 

افغانستان نے 37.1 اوورز کو ہدف میں ذہن کر بیٹنگ شروع کی لیکن ابتدائی بلے باز دفاعی حکمت عملی کے ساتھ رنز بناتے رہے جبکہ ایک اینڈ سے وکٹیں بھی گرتی رہیں۔ 

50 کے مجموعے پر ہی تین اہم وکٹیں گنوانے کے بعد افغانستان کے کپتان حشمت اللّٰہ شاہدی نے پہلے رحمت شاہ کے ساتھ 63 گیندوں پر 71 اور پھر محمد نبی کے ساتھ 43 گیندوں پر 80 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر اپنی ٹیم کےلیے جیت کی امید جگادی۔ 

رحمت شاہ نے 40 گیندوں پر 45 جبکہ محمد نبی نے 32 گیندوں پر 62 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ 

اختتامی لمحات میں کریم جنت نے 22، نجیب اللّٰہ زادران نے 23 اور راشد خان نے 27 رنز کی اننگز کھیلی لیکن یہ اننگز ٹیم کو جتوانے میں گارگر ثابت نہ ہوسکیں۔ 

افغانستان کو مطلوبہ ہدف تک پہنچنے کےلیے 38ویں اوور کی پہلی گیند پر 3 رنز درکار تھے تو مجیب الرحمان اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 

یہی نہیں بلکہ افغانستان کے پاس سپر فور میں کوالیفائی کرنے کا ایک اور موقع تھا جب اسے 37.4 اوورز میں آخر میں ایک رن بنانے کے بجائے چھکا لگانے کی کوشش کرنی تھی تو اس وقت سری لنکن بولر دھننجیا ڈی سلوا نے اپنے تجربے کا استعمال کرتے ہوئے آخری افغانی بیٹر فضل الحق فاروقی کو آؤٹ کردیا۔ 

سری لنکا نے یہ میچ صرف 2 رنز سے جیتا، تاہم اس نے اس جیت کے ساتھ ہی ایشیا کپ 2023 کے سپر فور مرحلے کےلیے کوالیفائی بھی کرلیا۔ 

سری لنکا کے کوشال مینڈس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

مزیدخبریں