بھارت میں یوپی کے بہرائچ ضلع کے 40 دیہات کے رہائشی آدم خور بھیڑیوں سے خوف زدہ ہیں، جنہوں نے 9 افراد کو موت کی نیند سلادیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اتر پردیش کے بہرائچ ضلع کے 40 گاؤں آدم خور بھیڑیوں کے باعث خوف میں مبتلا ہیں کیونکہ بھیڑیوں نے گاؤں والوں کو اپنا شکار بنانا شروع کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھیڑیوں نے 48 دنوں میں 8 بچوں اور ایک خاتون سمیت 9 افراد کی جان لے لی ہے، جبکہ 45 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بھیڑیوں نے رات کے وقت لوگوں کو اپنا شکار بنایا ہے، جس سے کئی گھرانوں میں سوگ کی فضا ہے۔ مقامی انتظامیہ اور حکومت نے بھیڑیوں کو پکڑنے کے لیے احکامات جاری کیے ہیں اور علاقے میں صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بہرائچ کی انتظامیہ نے فوری طور پر 16 ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جن میں 200 سے زائد جوان شامل ہیں، جو کہ متاثرہ علاقوں میں تلاشی اور حفاظتی اقدامات کرنے کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔
چار تھرمل ڈرون بھی ان جوانوں کے ساتھ ساتھ علاقے میں بھیڑیوں کی موجودگی کا پتہ لگانے اور ان کی نگرانی کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ محکمہ جنگلات بھیڑیوں کو پکڑنے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔ اب تک 4 آدم خور پکڑے جا چکے ہیں لیکن 2 بھیڑیے ابھی روپوش ہیں