لاہور اورنج لائین کی انتظامیہ کا نوائے وقت گروپ کا دورہ 

لاہور اورنج لائین میٹرو ریل کی انتظامیہ کے ایک وفد نے گزشتہ روز ڈپٹی جنرل مینجر اپریشن مسٹر ڈوڈو نگشیان کی قیادت میں نوائے وقت اور دی نیشن کے دفاتر کا دورہ کیا اور ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی، چیف اپریٹنگ افسر لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید احمد ندیم قادری اور تمام شعبوں کے ہیڈز کے ساتھ ملاقات میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، چین پاکستان اقتصادی راہداری اور اورنج لائین ریل منصوبے کے تناظر میں بہترین نتائج اور اس سے عوام کو پہنچنے والے ثمرات پر بات چیت کی۔ اس ملاقات میں نوائے وقت گروپ اور اورنج لائین میٹرو ریل کی جانب سے باہمی تعاون اور پاک چین دوستی کے فروغ سمیت مستقبل میں باہم مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ اورنج لائین میٹرو ریل مینجمنٹ کی جانب سے کسی بھی میڈیا آرگنائزیشن کا پہلا دورہ تھا جس میں پاکستان اور چین کے باہمی تعاون سے پاکستان میں سفری سہولیات کے تمام ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ مسٹر ڈوڈو نگشیان کے بقول لاہور اورنج لائین میٹرو ریل کا منصوبہ بھی چین پاکستان اقتصادی راہداری سے ہی منسلک ہے جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر قیادت پنجاب حکومت کا شہریوں کے لئے سفری سہولتوں میں مزید بہتری کا وِژن پیشِ نظر ہے۔ اس میں کوئی دورائے نہیں کہ برادر چین کا ہر شعبے میں بے لوث تعاون ہمارے شاملِ حال ہے، بالخصوص پنجاب کے شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لئے چین کے تعاون سے پنجاب حکومت نے میٹروبس اور اورنج ٹرین کا اجراء کیا جس سے شہریوں کو محفوظ ، آرام دہ اور سستا سفر دستیاب ہوا ہے۔ ان منصوبوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے میاں شہباز شریف کی لگن شاملِ حال رہی ہے۔ اب چین کے تعاون سے لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جس سے سفری سہولتوں میں مزید بہتری کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے رُوٹ کاز سے بھی نجات ملے گی۔ جبکہ ان منصوبوں سے پاکستان چین دوستی کو مزید استحکام حاصل ہو گا، نوائے وقت گروپ کی جانب سے پاک چین دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا جا رہا ہے جس کی خصوصی اشاعتیں ان دونوں ممالک کے مابین روابط بڑھانے میں ممد و معاون بن رہی ہیں، یہ خوش آئند صورت حال ہے کہ چین کی جانب سے بھی سفارتی سطح پر نوائے وقت کے لئے ہمیشہ خیرسگالی کا اظہار کیا جاتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن

عالمی یوم جمہوریت اور پاکستان 

جمہوریت آزاد،مضبوط اور خوشحال وفاقی ریاست کی ضمانت ہے۔جمہوریت عوامی خواہشات کے مطابق نظام ریاست کی تشکیل کا نظام ہے۔ یہ ...