اسلامی نظام نہ ہونے سے عورت کی عزت و حرمت محفوظ نہیں:سراج الحق  

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ملک میں اسلامی نظام نہ ہونے کی وجہ سے عورت کی عزت و حرمت محفوظ نہیں۔ انہیں حق وراثت نہیں دیا جاتا، بچیوں کو تعلیم سے محروم رکھا جاتا ہے اور ان پر بدترین تشدد کے واقعات سامنے آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منڈی بہاوالدین میں میاں عبدالرؤف کی رہائش گاہ پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹرطارق سلیم بھی موجود تھے۔ عالمی یوم خواتین کے موقع پر سراج الحق نے کہا حکومت کو تجویز ہے کہ 5 نومبر کو امریکہ میں انتخابات ہونے جارہے ہیں۔لہٰذا ریاستی سطح پر عافیہ کی رہائی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ دریں اثناء نائب امیر جماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے علماء و مشائخ رابطہ کے زیراہتمام شیخوپورہ میں عقیدہ ختم نبوت کانفرنس، حلقہ خواتین کی مرکزی مشاورتی نشست اور عالمی مجلس ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا کی سربراہی میں وفد سے ملاقات میں کہا اسلامیان پاکستان غلبہ دین، عقیدہ ختم نبوت اور شان رسالتؐ کے تحفظ کیلئے کبھی کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے۔ پاکستان میں عدم استحکام، فرقہ پرستی، لادینیت، اباحیت اور مادر پِدر آزادی کا بڑھتا رجحان انتہائی خطرناک ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن