اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے مؤخر ادائیگیوں پر ادھار تیل کی سہولت کیلئے بات کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ایکسٹرنل فنانسنگ پر بات چیت جلد فائنل ہو جائے گی۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے قرض پروگرام کی منظوری کیلئے بات آگے بڑھ رہی ہے۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری کیلئے ابھی حتمی تاریخ نہیں دی جا سکتی۔ دریں اثناء محمد اورنگزیب سے جے پی مورگن پاکستان کے سی ای او امین محمد خواجہ کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستانی معیشت میں ادارہ جاتی سرمایہ کاری اور فکسڈ انکم سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو وزارت خزانہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان کی میکرو اکنامک اشاریوں کو بہتر بنانے میں نمایاں پیشرفت پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ بر آمدات میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ افراط زر کی شرح 9.6 فیصد تک کم ہو گئی ہے جو گذشتہ 34 ماہ کے دوران کم ترین سطح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی نمو مالیاتی نظم و ضبط، افراط زر کے انتظام کار اور ادائیگیوں کے سازگار توازن پر مبنی ہے۔ اصلاحات سے مجموعی طور پر میکرو اکنامک استحکام میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کا ایجنڈا غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے زیادہ سے زیادہ سازگار ماحول فراہم کرنے اور معیشت کے طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کیلئے مرتب کیا گیا ہے۔ ملاقات کے دوران بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے وفد نے پاکستان میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت کی کوششوں کو سراہا اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے امکانات کے بارے میں امید کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر قابل تجدید توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچہ کی ترقی اور مالیاتی شعبہ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے ان شعبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بے پناہ صلاحیتوں کی حامل مارکیٹ ہے اور سٹرٹیجک محل وقوع کے باعث پاکستان علاقائی منڈیوں کیلئے گیٹ وے کی حیثیت کا حامل ہے جہاں پر غیر ملکی سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک کے گلوبل ہیڈ مسٹر سنیل خوشحال کے ساتھ ورچول میٹنگ کی۔. فاقی وزیر خزانہ نے پاکستان کے مثبت معاشی انڈیکیٹرز کے بارے میں بتایا، وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
سعودی عرب سے ادھار تیل، آئی ایم ایف سے ایکسٹرنل فنانسنگ پر بات جلد فائنل ہو گی: وزیر خزانہ
Sep 05, 2024