لاہور (نیوز رپورٹر) ویراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کے دو میگا پراجیکٹس کا افتتاح کر دیا۔ ایم پی اے سمیع اللہ خان اور غزالی بٹ بھی ہمراہ تھے۔ کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور بند روڈ پیکج ٹو اور راوی برج توسیعی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا۔ کنٹرولڈ ایکسیس پراجیکٹ کے اہم داخلی و خارجی راستے پر بابو صابو انٹرچینج کی ری ماڈلنگ بھی مکمل ہوگئی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اطراف کی آبادیوں کی سہولت کے پیش نظر بند روڈ سروس لین کی مزید توسیع کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے بند روڈ پراجیکٹ پر پودا بھی لگایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے بند روڈ کوریڈور اور راوی برج کا دورہ بھی کیا اور سروس روڈ کا بھی جائزہ لیا۔ ''نیازی انٹرچینج تا سگیاں '' اور ''سگیاں تا بابو صابو انٹرچینج'' پراجیکٹ پر تعمیرات مکمل ہے۔ 7.5 کلومیٹر پر محیط کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور بند روڈ پراجیکٹ کی دونوں اطراف میں سروس لائن روڈ بھی کھول دی گئی۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق اور چیف انجینئر اسرار سعید نے پراجیکٹس پر بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سروس روڈ کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ڈرین کی مرمت و بحالی کا بھی کام کیا گیا ہے۔ بند روڈ سروس روڈ پر 5 وہیکلر اور 4 پیڈسٹرین سب ویز بنائے گئے ہیں۔ بابو صابو چوک پر 1.5 ارب سے زائد مالیت کی 16 کنال 6 مرلہ اراضی پر تجاوزات ختم کرکے گرین بیلٹ اور پارک بھی بنایا گیا۔ دریائے راوی پر 540 میٹر طویل چار لین پر مشتمل برج تعمیر کیا گیا ہے۔ راوی برج منصوبے سے شاہدرہ، کوٹ عبدالمالک، شیخوپورہ، کالاشاہ کاکو، لاہور رنگ روڈ و دیگر ملحقہ آبادیاں مستفید ہوں گی۔ کنٹرولڈ ایکسیس کوریڈور سے گلشن راوی، ساندہ، چوہان روڈ، سگیاں، شیراکوٹ، شفیق آباد، رسول پورہ، بلال گنج، منشی ہسپتال، امین پارک ودیگرملحقہ آبادیاں مستفید ہوں گی۔ پولیس اور انتظامی افسروں کے بعد بورڈ آف ریونیو میں ’’کے پی آئی‘‘ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اے سی، تحصیلدار اور نائب تحصیلدار کی کارکردگی کا تعین ’’کے پی آئی‘‘ سے ہوگا۔ بورڈ آف ریونیو کے جوڈیشنل ممبرز، ممبر ٹیکس، ممبر کالونیز اور ممبر کنسولیڈیشن کی پرفارمنس کو بھی مانیٹر کیا جائے گا۔ دیہی مرکز مال اور پی ایل آر اے میں انتقال کی بروقت تصدیق کا عمل مکمل کرنے پر سکور اپ ڈیٹ ہوگا ۔ سب رجسٹرار آفس کی کارکردگی رجسٹری کی بروقت تصدیق سے منسلک ہوگی۔ انتقال سے متعلق امور اور اراضی ریکارڈ کی تصحیح بھی کے پی آئی سکور میں شامل ہوگی۔ ’’پلس پراجیکٹ‘‘ کے تحت ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیشرفت بھی کے پی آئی میں شامل ہے۔ ای گرداوری، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا ماہانہ اجلاس، وارثتی انتقال کے کیس میں فیلڈ رپورٹ بھی کے پی آئی کا حصہ ہے۔ عوام کی سہولت کے لئے اختراعی اقدامات، پالیسی ریفارمز سے بھی افسران کی کارکردگی کو جانچا جائے گا۔ عدالتی مقدمات نمٹانے پر کے پی آئی سکور میں اضافہ ہوگا۔ تقسیم، انتقال اور ریونیو ریکوری سے بھی متعلقہ افسر کے پی آئیز بہتر ہوں گے۔ سٹیٹ لینڈ مینجمنٹ کے کے پی آئی بھی مقرر، زرعی اراضی کی لیز، کنسولیڈیشن فیس اور سٹیٹ لینڈ ڈائریکٹری بھی کے پی آئی میں شامل ہیں۔ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کے ’’کی پرفارمنس انڈیکس‘‘ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ دوسری طرف مریم نواز نے پنجاب بھر کے انٹرمیڈیٹ امتحانات کے پوزیشن ہولڈرز کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ تمام طلبہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ پوزیشن ہولڈرز کو مزید محنت اور لگن سے پڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اپنے بچوں پر فخر ہے۔ جبکہ سعودی شہزادی لطیفہ بنت عبد العزیز السعود کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔