وزیراعظم سے ملاقات، سیلاب میں پھنسے افراد کو بچانے والے ڈرائیور کیلئے 25 لاکھ روپے کا انعام

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی ) وزیر اعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں بارش کے دوران اپنی جان کی پروا کیے بغیر سیلاب میں پھنسے لوگوں کو بچانے والے ایکسکویٹر ڈرائیور محب اللہ کو 25 لاکھ روپے بطور انعام دیئے ہیں۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر محب اللہ کو خوش آمدید کہا اور ان کے انسانی جانوں کو بچانے کے جذبے کو سراہا۔ اگست میں دریائے کولک میں سیلابی ریلے میں پھنسی ایک گاڑی کو اپنی جان خطرے میں ڈال کر محب اللہ نے ریسکیو کیا تھا، گاڑی میں 7 افراد سوار تھے۔ وزیراعظم نے ڈرائیور محب اللہ کے بچوں کے لیے یونیورسٹی تک کی تعلیم مفت اور ان کے خاندان کو صحت کی مفت سہولیات کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو آپ پر فخر ہے، آپ کے انسانیت سے محبت کے جذبے کی دل سے قدر کرتا ہوں۔ شہباز شریف نے کہا کہ آپ قوم کے ہیرو ہیں، آپ نے ہمت سے کام لے کر قیمتی انسانی جانیں بچائیں، ایسے مشکل حالات میں اپنی جان جوکھوں میں ڈال کر انسانی جانوں کو بچانا بہادری کا کام ہے۔ اس موقع پر محب اللہ نے وزیراعظم سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقات میرے لیے اعزاز کی بات ہے، لوگوں کی جانیں بچاتے وقت قطعاً نہیں سوچا تھا کہ یہ بات پورے ملک میں مشہور ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم اور حکومت کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس اقدام کو سراہا اور میرے لیے قیمتی وقت نکالا، وزیرِ اعظم ہاؤس میں وزیرِ اعظم کی جانب سے عزت افزائی پر تہہ دل سے ان کا شکر گزار ہوں۔

ای پیپر دی نیشن