نیویارک‘ غزہ (آئی این پی+ اے پی پی+ این این آئی) غزہ میں کالج اور رہائشی عمارت پر اسرائیلی بمباری سے 9فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں امداد کے منتظر نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی گئی جبکہ 24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں میں مزید 40سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ اس کے علاوہ یرغمالیوں کی رہائی میں ناکامی پر اسرائیلی عوام کا حکومت کے خلاف مسلسل تیسرے روز احتجاج جاری ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جلد جنگ بندی نہ ہوئی تو سلامتی کونسل ممکنہ کارروائی پر غور کرے گی۔ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور جنگ بندی پر غور کرنے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں روس کے نائب سفیر نے اپنے امریکی ہم منصب سے کہا کہ وہ جنگ بندی کے منصوبے میں واشنگٹن کی مجوزہ ترمیم کی وضاحت کریں۔ جس پر امریکی سفیر نے کہا جنگ بندی منصوبے پر عمل درآمد مسئلہ ہے۔ اجلاس میں کونسل کے صدر نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے۔ برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی کی جانب سے اسلحہ لائسنسوں کی معطلی کے اعلان پر وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے کہا اسرائیل کیلئے ملکی دفاع کو خطرے میں نہیں ڈا ل سکتے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے جنگ بندی معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تیزی اور لچک دکھانے پر زور دیا۔ معاہدے کو حتمی شکل دینے کا وقت آ گیا۔