پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے میں بلدیاتی نمائندوں نے مطالبات کیلئے صوبائی اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ وزیراعلیٰ ہائوس کی جانب پیش قدمی بھی کی جس پر پولیس نے مظاہرین پر آنسو گیس پھینکی اور لاٹھی چارج کیا، جس سے کئی نمائندوں کی حالت غیر ہوگئی۔ بدھ کے روز صوبہ بھر کے بلدیاتی نمائندوں نے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس میںبڑی تعداد میں بلدیاتی نمائندے شریک ہوئے۔ احتجاج میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مطالبات درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمیں ووٹ دیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی اختیارات کو نچلی سطح پر منتقلی کے دعوے کرتے تھے۔ اختیارات دیئے جا رہے ہیں نہ فنڈز، ہمارے دفاتر بند ہو گئے ہیں۔ صوبائی حکومت 25 ہزار منتخب بلدیاتی نمائندوں کی تذلیل کر رہی ہے۔ ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج جاری رہے گا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔ متعدد مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا۔