لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام کے لئے 80ہزار،کسان کارڈ کے لئے 8لاکھ افراد نے رجسٹریشن کروا لی ہے۔ سولر پینل کی فراہمی کے نتیجے میں پنجاب کے عوام کو 25 سال کیلئے بجلی کے بلوں سے نجات مل جائے گی۔ ڈاکو کچے کے ہوں یا اڈیالہ کے کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا۔" اپنی چھت اپنا گھر" بلا سود پروگرام ہے، اس کی ماہانہ قسط 14ہزار روپے ہوگی اور اس کے سروس چارجز حکومت پنجاب خود برداشت کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے "کسان کارڈ "کا بھی باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ یہ 300 ارب روپے کا پراجیکٹ ہے جو مکمل ٹیکس فری ہے۔ کسانوں کو 6 ماہ کیلئے بلا سود 30 ہزار روپے فی ایکڑ کے حساب سے قرض ملے گا۔ اس ضمن میں محکمہ زراعت نے 136کسان کارڈ ڈسٹریبیوشن سینٹر قائم کر دیئے ہیں۔ مریم نواز کو پنجاب کے لوگوں نے مینڈیڈیٹ دیا ہے وہ یہاں کے لوگوں کو ریلیف دے رہی ہیں۔ سولر پینل پراجیکٹ جلد شروع ہو جائے گا جس سے لوگوں کو بجلی کے بلوں سے نجات ملے گی۔ اس منصوبے کو دوسرے صوبوں نے کاپی کرنے کی کوشش کی ہے۔ ایک صوبے نے چند لوگوں میں سولر پینل تقسیم کر دیئے اور ایک صوبے نے پہلے سے افتتاح شدہ منصوبے کا دوبارہ افتتاح کر دیا۔ جب سے ہماری حکومت آئی ہے تاریخ میں پہلی بار پنجاب کا قرض کم ہوا ہے۔ بجلی ریلیف پیکج پر آئی ایم ایف کے اعتراض کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں۔ یہ ایک حساس معاملہ ہے اور عام آدمی کے فائدے کی خبروں پر احتیاط کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ نواز شریف کے دور میں شروع کیا گیا جس کا پچھلی حکومت میں غلط استعمال کیا گیا۔ اب صحت کارڈ کو دوبارہ لانچ کیا جائے گا۔ سیف سٹی اتھارٹی کے کیمروں کو استعمال کرتے ہوئے فصلوں کو جلانے پر کسانوں کی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ اس سال سموگ میں کافی حد تک کمی ہو گی۔