پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور نے بدھ کے روز کہا ہے کہ اس نے آئندہ سال کے لیے حج پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا ہے اور وفاقی کابینہ سے منظوری حاصل کرنے کے بعد عازمینِ حج سے درخواستوں کی وصولی شروع کر دی جائے گی۔یہ معلومات مذہبی امور کے سیکریٹری ذوالفقار حیدر اور سعودی وزارتِ حج کے ایک سینئر اہلکار ڈاکٹر بدر السُلمی کے درمیان آن لائن ملاقات کے بعد جاری کی گئیں۔حجاج کو سعودی عرب بھیجنے والے سب سے بڑے ممالک میں سے ایک کے طور پر پاکستان سالانہ فریضۂ حج سے پہلے مملکت کے ساتھ بڑے پیمانے پر رابطہ کاری کرتا ہے۔آن لائن میٹنگ کے دوران پاکستانی اہلکار نے کہا کہ ان کا ملک اگلے سال حج کے لیے طے شدہ سعودی اوقات پر عمل کرے گا۔پاکستان کی وزارتِ مذہبی امور کے عہدیدار نے ملاقات کے دوران بتایا، "حج پالیسی 2025 کا مسودہ تیار ہے۔ کابینہ سے منظوری کے بعد ہم لوگوں سے درخواستیں وصول کرنا شروع کر دیں گے۔"انہوں نے کہا کہ پاکستانی عازمین کو سعودی وزارتِ حج کے براہ راست رابطے اور شکایت کے لیے فون نمبر سے آگاہ کیا جائے گا۔پاکستانی عہدیدار نے ماضی میں اپنے ملک سے تعلق رکھنے والے عازمینِ حج کی نگہداشت کرنے پر سعودی حکام کو سراہا۔فریقین نے مقدس مقامات میں غیر مجاز داخلے اور غیر قانونی حج کی ممانعت کے بارے میں مؤثر طریقے سے آگہی پیدا کرنے پر اتفاق کیا۔پاکستانی عہدیدار نے یہ بھی کہا، پاکستان اس بات کو یقینی بنائے گا کہ عازمینِ حج سعودی رہنما خطوط کے مطابق جسمانی صحت کے مطلوبہ معیارات پر پورا اتریں۔
پاکستان کا 2025 کے لیے حج پالیسی کا مسودہ تیار، کابینہ کی طرف سے منظوری کا انتظار
Sep 05, 2024 | 14:40