غزہ پر اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں: ترجمان دفتر خارجہ

Sep 05, 2024 | 17:05

ویب ڈیسک

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔اسلام آباد میں صحافیوں کو ہفتہ وار  بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ  کا کہنا تھا کہ  پاکستان ویسٹ بینک سٹی میں مہاجرین پناہ گزینوں کے کیپمس پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔  پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتا ہے کہ اسرائیلی پرتشدد کارروائیوں کو روکا جائے۔انہوں نے بتایا کہ  وزیر خارجہ اسحاق ڈار برطانیہ کے سرکاری  دورے  پر ہیں۔آج وزیر خارجہ نے اپنے  برطانوی ہم منصب سے ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر موضوعات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے لندن میں کئی دیگر اہم شخصیات سے  بھی ملاقاتیں کیں۔ 
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کشمیر پر او آئی سی گروپ کو بریف کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ 12  ستمبر کو ایس سی او ممبران کے حوالے سے اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔  ایس سی او اجلاس کے حوالے سے دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایس سی او اجلاس کے لئے تمام اسٹیٹس حکام کو دعوت نامے بھیجے جا چکے ہیں، ابھی صورتحال نہیں کہ مہمانوں کی تفصیلات شئیر کی جا سکیں، بہت جلد مہمانوں کی تفصیلات شئیر کی جائیں  گی۔ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے حوالے سے متوقع ہے کہ وزیراعظم پاکستان اس میں شرکت کریں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے میڈیکل کے فلسطینی طلباء کو یہاں آنے کی دعوت دی تھی. اس معاملے پر کام جاری ہے۔

مزیدخبریں