ریاست کو کمزور کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی:وزیر اعلیٰ بلوچستان

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح ہماری ہوگی۔میر سرفراز بگٹی کی زیرِ صدارت پولیس اور لیویز کی پیشہ وارانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے اجلاس ہوا .جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس اور ڈی جی لیویز نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری،  کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر پولیس نے بھی شرکت کی۔آئی جی پولیس اور ڈی جی لیویز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔اجلاس میں دہشت گردی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے پولیس اور لیویز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا فیصلہ ہوا۔ فیصلے کے مطابق دہشت گردی اور جرائم کے خاتمے کیلئے ایریاز کی تخصیص کے بغیر لیویز اور پولیس مشترکہ کارروائی کریں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دونوں فورسز کا مقصد بحالی امن اور قانون کا نفاذ ہے. کسی بھی واقعے کی صورت میں پولیس اور لیویز فوری ردعمل دیں اور کارروائی کریں۔انہوں نے کہا کہ پولیس سے سفارش کلچر کا خاتمہ کریں گے میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا جائے. لیویز کی کوئیک رسپانس فورس کے جوانوں کی پیشہ وارانہ تربیت کو مزید بہتر بنایا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، جرائم اور تخریب کاری کا قلع قمع کرکے دم لیں گے. دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح ہماری ہوگی.ریاست کو کمزور کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔

ای پیپر دی نیشن