سندھ حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز کیلئے 138 لگژری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری منظوری کرلی۔ ہم نیوز کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے ایک ارب 99 کروڑ 18 لاکھ 92 ہزار روپے کی لاگت سے 138 فور بائی فور ڈبل کیبن لگژری گاڑیاں خریدی جائیں گی، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اس سلسلے میں سمری منظور کرلی، سمری 2 ستمبر 2024ء کو منظور کی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ افسران کیلئے گاڑیاں خریدنے کیلئے رقم رواں مالی سال 2024 اور 2025 کے بجٹ میں مختص کر دی گئی تھی، اب سمری منظور ہونے کے بعد محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن و کوآرڈی نیشن نے خط ارسال کردیا گیا، خط سیکریٹری خزانہ فیاض احمد جتوئی کو بھیجا گیا، خط سیکشن افسر بجٹ فیض احمد پتافی کے دستخط سے جاری ہوا، جس میں فوری طور پر رقم محکمہ بورڈ آف ریونیو کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی سفارش کی گئی۔ ادھر حکومت کیلئے کفایت شعاری کی پالیسی منظور کرنے والے وزیراعظم آفس نے اپنی ہی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنے ملازمین کو اعزازیہ سے نواز دیا، صحافی انصار عباسی نے رپورٹ کیا کہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ وزیراعظم آفس نے مالی سال 2022/23ء کے دوران آپریشنل اخراجات کے حوالے سے کفایت شعاری پالیس پر عمل نہیں کیا، وزیراعظم آفس کی انتظامیہ نے مخصوص ہیڈ آف اکاؤنٹس پر خرچ کیا، وزیراعظم آفس کی انتظامیہ نے مالی سال 2021/23ء کے دوران اپنے ملازمین کو اعزازیہ کی ادائیگی کیلئے 10 کروڑ 89 لاکھ 4 ہزار510 روپے کے اخراجات کیے، وزیراعظم آفس کے ملازمین و افسران کو اعزازیے کی مد میں سال میں ایک سے زیادہ مرتبہ رقم ملی، حالاں کہ کفایت شعاری پالیسی کے تحت ہدایت کی گئی تھی کہ وفاقی کابینہ کی منظوری حاصل کرنے تک کوئی فورم وفاقی حکومت کے ملازمین کو ایک مالی سال کے دوران ایک بنیادی تنخواہ سے زیادہ اعزازیہ دینے کی منظوری نہیں دے گا۔