صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قوم شہداء اور انکے خاندانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
صدر مملکت آصف علی زرداری لاہور میں کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے گھر گئے. انہوں نے کیپٹن محمد علی قریشی شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا۔انہوں نے کیپٹن محمد علی قریشی شہید کیلئے فاتحہ خوانی کی اور اُن کی خدمات اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ مُشکل کی اس گھڑی میں ہمدردیاں شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں. دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سے نوجوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہوئی. دہشت گردی کے فتنے کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آخری دم تک کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے شہید کیپٹن کے اہلِ خانہ کے جذبہ حب الوطنی اور ایثار کو سراہا اور کیپٹن محمد علی قریشی کیلئے بلندی درجات، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
واضح رہے کہ کیپٹن محمد علی قریشی گزشتہ دنوں بلوچستان میں شہید ہوئے تھے۔