ڈاکٹر نبی بخش خان بلوچ سولہ دسمبرانیس سو سترہ کو سندھ کے ضلع سانگھڑ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے میٹرک نوشہروفیروز ہائی سکول سے کیا۔ ممبئی یونیورسٹی کے جونا گڑھ کالج سے بی اے اور ایم اے عربی جبکہ علی گڑھ کالج سے ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی۔ اس کے بعد کولمبیا چلے گئے، کولمبین یونیورسٹی سے اُنہوں نے ایم اے ایجوکیش کیا۔ ڈاکٹر نبی بخش کواردو، سندھی، عربی اور فارسی زبانوں میں مہارت حاصل تھی۔ انہوں نے معروف سندھی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی کی تحریروں کو نہ صرف مجموعے کی شکل دی بلکہ خود بھی مختلف زبانوں میں بے شمار کتابیں لکھیں۔ سندھی لغت کو مرتب کرکے اس کی اشاعت ڈاکٹر نبی بخش کا سب سے بڑا کارنامہ سمجھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر نبی بخش خان بلوچ سندھ یونیورسٹی میں وائس چانسلر اورسندھ لینگویج اتھارٹی میں چیئرمین کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ انہیں ان کی خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے ستارہ امتیاز دیا گیا۔ ڈاکٹر نبی بخش خان بلوچ کو گزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے پر حیدر آباد کے ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں وہ جاں بر نہ ہوسکے۔ ادبی دنیا کے ممتاز محقق اور سکارلر چورانوے برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جاملے۔