لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے نگران حکومت پر زور دیا کہ وہ کوئلے سے گیس بنانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کے لیے نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کرے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق افتخار نے کہا کہ تھرکول میں کوئلے کے 175ارب ٹن ذخائر توانائی کا بحران ہمیشہ کے لئے حل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس توانائی کے بدترین بحران کی وجہ سے سالانہ 230ارب روپے نقصان ہو رہا ہے اور چار لاکھ ملازمتیں ختم ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا یہ امر تشویشناک ہے کہ صنعتی یونٹس بیرون ملک منتقل ہو رہے ہیں اور اگر سرمائے کی بیرون منتقلی کا عمل یونہی جاری رہا تو معاشی مشکلات مزید بڑھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی بین الاقوامی مارکیٹ کا ایک بہت بڑا حصہ کھوچکا ہے اور مزید اب نقصان کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ وفاقی بجٹ برائے مالی سال 2013-14ءمیں میں کوئلے سے گیس بنانے والے پراجیکٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرے۔