حکومت طالبان کو اپنا ‘ بلوچوں کو غیر سمجھتی ہے، آج بھی نعشیں مل رہی ہیں: اختر مینگل

Apr 06, 2014

کوئٹہ (بی بی سی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل نے کہا ہے کہ اگر بلوچستان میں سرکاری فورسز کے ہاتھوں بلوچ نوجوانوں کی ہلاکتوں اور انکی جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند نہ ہوا تو انکی جماعت پارلیمنٹ کی نشستوں سے مستعفی ہو جائیگی۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں بی بی سی کے ساتھ انٹرویو میں کہی۔ اختر مینگل نے کہا کہ انہوں نے یہ بات وزیراعظم نواز شریف کو بھی گزشتہ روز ایک ملاقات میں بتا دی ہے کہ میں استعفیٰ دیدوں گا۔وزیراعظم نے یقین دلایا ہے کہ رواں برس بلوچستان میں تبدیلیوں کا سال ہوگا اور وہاں سیاسی طور پر نمایاں بہتری نظر آئیگی۔صوبائی رکن اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ وہ ان تبدیلیوں کے منتظر تو ہیں لیکن شاید ان کی جماعت پورا سال انکا انتظار نہ کرے اور اس سے پہلے ہی قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے الگ ہو جائے۔سردار اختر مینگل نے چار سالہ خود ساختہ جلا وطنی ختم کرنے کے بعد پچھلے سال ہونیوالے عام انتخابات میں مشروط طور پر حصہ لیا تھا۔ ان کی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی نے ان انتخابات میں دو صوبائی اور ایک قومی اسمبلی کی نشست جیتی تھی۔ دھاندلی کے الزامات کے بعد اختر مینگل نے بطور احتجاج ان نتائج کو تسلیم کیا تھا۔اختر مینگل نے کہا کہ انہیں میاں نواز شریف کی حکومت سے جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوئی ہیں۔ انہوں نے تلخی سے بھرے اپنے مخصوص لہجے میں کہا کہ پچھلے دور حکومت میں علیحدہ علیحدہ لاشیں ملتی تھیں، اس حکومت نے یہ سہولت کر دی ہے کہ اجتماعی قبریں ملنے لگی ہیں تاکہ لواحقین کو انہیں تلاش کرنے اور دفنانے میں زیادہ دقت نہ ہو۔ علیحدگی پسند بلوچ رہنماؤں کے ساتھ حکومت کے مذاکرات کی کوششوں کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال پر سردار اختر مینگل نے کہا کہ بلوچ حکومت کوئٹہ اور اسلام آباد میں ہوتے ہوئے ان (اختر مینگل) کے ساتھ مذاکرات تو کر نہیں رہی، پہاڑوں میں روپوش مسلح افراد سے کیسے بات کریگی۔سوال یہ بھی ہے کہ کیا حکومت ان ناراض بلوچوں کے ساتھ مذاکرات مسائل حل کرنے کیلئے کرنا چاہتی ہے یا محض دکھاوے کے طور پر۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت اور ناراض بلوچوں کے درمیان مذاکرات میں کوئی کردار ادا نہیں کر سکتے۔ جب میرے جیسے جمہوریت پسند کہ جس کے ہاتھ میں بیلٹ پیپر ہے، اگر اسکے ساتھیوں کی مسخ شدہ نعش ابھی تک مل رہی ہیں، تو میں اس کو مذاکرات پر کیسے قائل کر سکتا ہوں کیونکہ اس کے ہاتھ میں بندوق بھی ہے۔طالبان اور حکومت کے درمیان مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے بلوچ سردار نے کہا کہ یہ مذاکرات اپنے پرائے کا فرق واضح کرتے ہیں۔طالبان کو وہ اپنا سمجھتے ہیں اسلئے گلے شکوے بھی کرتے ہیں اور بات چیت بھی، ہم غیر ہیں۔

مزیدخبریں