ملتان (نمائندہ خصوصی) گھر والوں اور دنیا کی نفرت سے تنگ کامرس کالج کی طالبہ نے فلائی اوور سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ عفیفہ نے کچہری فلائی اوور سے چھلانگ لگائی اسے تشویشناک حالت میں نشتر ہسپتال لے جایا گیا جہاں پر وہ دم توڑ گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ نواحی علاقے مظفر آباد کے رہائشی شبیر شاہ کی بیٹی عفیفہ کندن حضوری باغ روڈ پر واقع کامرس کالج کی سیکنڈ ائیر کی طالبہ تھی وہ گزشتہ روز صبح کے وقت کچہری فلائی اوور پر آئی اور وہاں سے چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ عفیفہ کی بہن حنا کی کچھ عرصہ قبل منگنی ہوئی تھی عفیفہ پر الزام تھا اس نے اپنی بہن کی منگنی تڑوائی جس کی وجہ سے اسے والد اور بہن بھائیوں کی سخت ناراضگی کا سامنا تھا۔ عفیفہ پر گھر والوں سے چوری موبائل فون رکھنے کا بھی الزام تھا خودکشی سے قبل عفیفہ نے ایک خط بھی تحریر کیا جس میں اس نے لکھا میں اپنے تمام گھروں سے اپنے آج تک کے روئیے کوتاہیوں کی معافی مانگتی ہوں، آپ لوگ آج یا زندگی کے کسی بھی موڑ پر جب آپ لوگوں کے دل میں میرے لئے نرم گوشتہ پیدا ہوا تو اس وقت تہہ دل سے معاف کر دینا۔ زندگی نے میرے ساتھ اتنا بڑا مذاق کیا ہے کہ میں ایک لمحہ بھی نہیں گزار پا رہی۔ مختصر یہ کہ میں اس دنیا سے چپ چاپ رخصت ہو رہی ہوں، میں اپنے گھر والوں اور دنیا والوں کی نفرت سے تنگ آ گئی ہوں ۔ میری برداشت بس اتنی تھی۔ عفیفہ نے خط میں یہ بھی لکھا کہ اس نے اپنی بہن کا گھر خراب نہیں کیا۔ خط میں عفیفہ نے یہ بھی درخواست کی ہے کہ میری نعش پر کوئی نہ روئے۔
ملتان: گھر والوں کے روئیے سے دلبرداشتہ طالبہ نے فلائی اوور سے کود کر جان دیدی
Apr 06, 2014