اوتھل(این این آئی) معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے کہاہے کہ ہم معاشرے میں محبت،برداشت اور رواداری کو اپنا کر نفرتوں کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔مسلمان نبی کریم حضرت محمد مصطفی ؐکے راستے پر چل کر اور ان کی باتوں پر عمل کرکے ہی اس دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیںہماری کامیابی حضور ؐ کی سنتوں پر عمل کرنے سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے لسبیلہ کے شہر بیلہ میں تین روز تبلیغی اجتماع کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہمارے نبیؐ نے تو کافروں کو بھی سینے سے لگایا پھر ہم کیوں مسلمان آپس میں نفرتوں کے بیج بوکر ایک دوسرے کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیںہم کیسے مسلمان ہیںجو اللہ اور اسکے رسولؐ کی باتوں کو بلاکر آپس میں دست وگریباں ہیں انہوں نے کہا کہ اللہ پاک کا سب سے پسندیدہ عمل محبت کرنا ہے اور آپ مسلمان سب سے محبت کرو کیونکہ ایک دوسرے کے ساتھ محبت کرکے ہم اپنے اندر سے نفرتوں کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ماں باپ کا نافرمان کبھی جنت میں نہیں جاسکتا، میں آپ لوگوں سے ہاتھ جوڑ کر منت کرتاہوں کہ اپنی ماں، بہن، بیٹی، بیوی اور نوکروں سے اچھاسلوک کرو،یہی اچھاسلوک ہمیں جنت میں لے جائیگا،مسلمان نہ صرف صبر،برداشت،عمل اور رواداری کو اپنا ئیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے بھائیو اپنے اخلاق کو بہتر بنائو اور سب کو معاف کردو اور اپنی زبان سے کسی کو ایذا مت دو۔ اجتماع کے آخر میں مولانا طارق جمیل نے وطن عزیز کی بقاء سالمیت، عالم اسلام کی یکجہتی، یگانگت، نفرتوں اور دہشت گردی، بیروزگاری کے خاتمے، ملک کو امن وآشتی کا گہوارہ بنانے اور معاشی ترقی،قدرتی آفات سے بچائو دین کے راستے پر چلنے، گناہوں سے چھٹکارا پانے،معاشرتی بُرائیوں کے خاتمے کیلئے خصوصی دعاکرائی۔