سرینگر (کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین علی گیلانی نے کہا ہے کشمیر کی بھارت سے آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد کو عبادت سمجھ کر جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہا بھارتی آئین کے تحت الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور کسی بھی صورت میں ووٹ کا استعمال نہ کیا جائے۔ ڈانگر پورہ سوپور میں ایک سیرت کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور ایک بہت بڑا جلوس برآمد ہوا جس میں اسلام ، آزادی برائے اسلام اور الیکشن بائیکاٹ کے حق میں فلک شگاف نعرے بلند کئے گئے۔ ڈانگر پورہ کے مین چوک میں جلسہ سے علی گیلانی نے نئی دہلی سے ٹیلیفون کے ذریعہ سیرت پاکؐ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہمیں یکسو ہو کر سیرت پاکؐ پر عمل پیرا ہونا ہے اور اپنے اس خطہ ارض کو بھارت کی جابرانہ اور ظالمانہ غلامی کے چنگل سے آزادی حاصل کرنے کی جدوجہد کو عبادت سمجھ کر جاری و ساری رکھنا ہے۔ گیلانی نے کہا کہ موجودہ صور ت حال میں ہمارے لئے اس وقت جس بات کا سب سے زیادہ خیال رکھنا ضروری ہے وہ بھارتی آئین کے جو بھی الیکشن عمل یہاں عمل میں لایا جائے اس کا مکمل بائیکاٹ کیا جائے اور کسی بھی صورت میں ووٹ کا استعمال نہ کیا جائے۔
کشمیری عوام بھارت سے آزادی کی جدوجہد عبادت سمجھ کر جاری رکھیں: علی گیلانی
Apr 06, 2014