حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت )ونیکے تارڑ پولیس کا ڈکیتی کے گرفتار ملزم کو اتوار کے روز عدالت میں پیش کرنے کا انوکھا طریقہ، پولیس اہلکار ملزم کو مو ٹر سائیکل پرسوار کر کے 20کلو میٹر دور عدالت میں لے آئے۔ میڈیاکی ٹیم کے پیچھا کرنے پر موٹر سائیکل کی سپیڈ بڑھا دی۔ نواحی گائوں کوٹ سید محمد کا صفدر نامی نوجوان ڈکیتی کے مقدمہ میں پولیس تھانہ ونیکے تارڑ کو مطلوب تھا۔ ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد اسے ریمانڈ کیلئے مقامی سول جج کی عدالت میں پیش کیا۔ پولیس اہلکار ملزم کو جس موٹر سائیکل پر عدالت لے کر آئے اس کی نمبر پلیٹ بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔ پولیس اہلکاروں کا کہنا تھا کہ ایک سرکاری گاڑی خراب ہے جبکہ دوسری پر ایس ایچ او صاحب گشت کر رہے ہیں اس وجہ سے ملزم کو موٹر سائیکل پر ہی ریمانڈ کیلئے عدالت بھجوایا گیا۔