لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اورون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ ذاتی تھا، جب تک فٹ ہوں کرکٹ کھیلتا رہوں گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ انہوںنے 19سال کرکٹ اپنی مرضی سے کھیلی ہے، اور اپنی مرضی سے ہی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے اور جب تک فٹ ہوں ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلتا رہونگا۔ 19سالہ کیریئر کے دوران کبھی قوم کیساتھ زیادتی نہیں ہونے دی۔ انہوںنے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں ابھی وقت ہے قومی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔امید ہے پاکستانی ٹیم 2016ء میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریگی۔ کرکٹ کے ساتھ ساتھ فلاحی کام بھی جاری ہیں۔پنجاب کے کئی شہروں میں عوام کو صاف پانی کی فراہمی کیلئے فلٹریشن پلانٹس کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جبکہ فاٹا اوردیگر شہروں میں بھی فلاحی کام کئے جا رہے ہیں۔ ہمارا ملک اس وقت بے روزگاری، تعلیم کی کمی اور صاف پانی کی سہولیات سے محروم ہے اس کے باوجود ہمیں اس ملک نے بڑی عزت دی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس ملک نے ہمیں جو دیا ہے اسے لوٹایا جائے۔ کرکٹ کو خیر باد کہنے کے بعد ملک سے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے کام کیا جائے گا اس کے لیے اکیڈمی بناوں گا۔انہوں نیہسپتال کی فنڈ ریزنگ کیلئے کراچی میں سائیکل چلائی، سائیکل ریس ہسپتال کی فنڈ ریزنگ مہم کا حصہ تھی جس میں وکٹ کیپرسرفرازاحمد بھی آفریدی کے ہمراہ تھے اورانہوں نے بھی سائیکلنگ کے جوہردکھائے۔