مالی سال 2015-16ئ‘ پہلے 9 ماہ میں 2103ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں

Apr 06, 2016

اسلام آباد (این این آئی+ آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق کی زیر صدارت مالی سال 2015-16ء کے دوران ایف بی آر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 2015-16ء کے پہلے 9 ماہ کے دوران 2103 ارب روپے کی وصولیاں کی گئیں، جو گزشتہ سال کے مذکورہ عرصہ کے مقابلہ میں 19.7 فیصد زیادہ ہیں ۔ مارچ 2016 ء کے دوران 297 ارب روپے کا ریکارڈ نیٹ ریونیو وصول کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے مذکورہ مہینے میں 230 ارب روپے وصول ہوئے تھے ۔ مارچ میں ختم ہونیوالی سہ ماہی کے دوران نیٹ ریونیو وصولیاں 718 ارب روپے رہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی مذکورہ سہ ماہی میں 588 ارب روپے کی وصولی ہوئی تھی اس طرح وصولیوں کی شرح میں 22.1 فیصد اضافہ ہوا ۔ وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ریونیو کیلئے وزیراعظم کے خصوصی معاون ہارون اختر خان ، چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان اور انکی ٹیم کی متاثر کن کارکردگی کو سراہا اور ایف بی آر حکام پر زور دیا کہ ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور طریقہ کار کو مزید سادہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف 3104 ارب روپے حاصل کر لیا جائے گا۔ سیکرٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود نے اجلاس بتایا کہ تیسری سہ ماہی میں نیٹ ڈومیسٹک ایسٹ ‘ایس ڈبلیو اے پی اور نیٹ انٹرنیشنل ریزروز کے اہداف حاصل کئے گئے ہیں۔ وزارت کی جانب سے ٹیکس ریونیو کے حوالے سے دیئے اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے چھ سو ارب روپے کا جمع کئے جو کہ گزشتہ سال 2014-15 ء میں 538 ارب روپے تھے اس طرح پہلی سہ مہی میں 11.6 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی دوسری سہ ماہی میں 785 ارب روپے اکٹھے کئے گئے جو کہ 2014-15 ء میں 627 روپے تھا اس طرح 20.8 فیصد گروتھ ریکارڈ کی گئی۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ دس لاکھ سے زائد افراد ٹیکس ریٹرن فائل کر چکے ہیں۔ تین سال پہلے ساڑھے 7 لاکھ افراد ٹیکس ریٹرن فائل کرتے تھے۔ رضاکارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کے تحت 8 ہزار افراد نے ٹیکس فائل کیا۔

مزیدخبریں