مصطفی کانجو اور دیگر ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ 20اپریل کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے :ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے سابق وزیر مملکت برائے خارجہ صدیق کانجو کے بیٹے مصطفی کانجو سمیت دیگر ملزموں کے طالب علم زین رئوف کے قتل کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور حکم دیا ہے کہ ملزموں کو گرفتار کر کے 20 اپریل کو پیش کیا جائے۔ جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے حکومتی اپیل پر سماعت کی جس میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جانب سے مصطفی کانجو سمیت دیگر ملزموں کی بریت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل پراسیکیوٹر عبدالصمد نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے استغاثہ کا مکمل موقف سنے بغیر ہی ملزموں کی بریت کا فیصلہ سنایا جبکہ پراسیکیوٹر کو بھی سرکاری گواہوں پر جرح کی اجازت نہیں دی گئی۔ سماعت کے دوران ایس ایچ او شمالی چھائونی نے بتایا کہ مصطفیٰ کانجو بیرون ملک فرار ہوگیا ہے اور دیگر ملزموں سے کوئی رابطہ نہیں ہو رہا۔ لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے مصطفیٰ کانجو سمیت دیگر ملزموں کے زین قتل کے مقدمے میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور حکم دیا ملزموں کو گرفتار کر کے بیس اپریل کو پیش کیا جائے۔

ای پیپر دی نیشن