خان گڑھ (نامہ نگار) بلدیہ خان گڑھ کا ملازم تنخواہیں نہ ملنے پر قرض خواہ کی طرف سے تذلیل کے بعد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔ سینٹری ملازمین نے ٹی ایم اے مظفرگڑھ کے خلاف احتجاج کیا۔ تفصیل کے مطابق بلدیہ خان گڑھ کے ملازم غلام فرید کو مقامی سبزی فروش نے ادھار کی رقم ادا نہ کرنے پر گذشتہ روز پکڑ کر بٹھا لیا جس کو کئی گھنٹے بعد اس کے عزیز رشتہ داروں نے منت سماجت کرکے چھڑایا۔ قرض خواہ کے ہاتھوں تذلیل غلام فرید برداشت نہ کر سکا اور گھر پہنچ کر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔ متوفی بلدیہ میں ڈیلی ویجز پر ملازم تھا اور ملازمین کو چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث مالی طور پر تنگ دست تھا۔ اپنے ساتھی کی ہلاکت پر بلدیہ کے سینٹری ورکرز نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ انھیں فوری طور پر بقایا جات ادا کیے جائیں۔