اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت نئے آڈیٹر جنرل کا تقرر کریں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ موجودہ آڈیٹر جنرل 8 اپریل کو اپنی معیاد پوری کر کے ریٹائر ہوجائیں گے جبکہ انہوں نے وزیر خزانہ کو نئے آڈیٹر جنرل تعیناتی کیلئے ایک سمری بھیج دی ہے جو براہ راست صدر مملکت کو جائے گی۔ آئین پاکستان کے آرٹیکل 168 کے تحت جاری ہونے والے آڈیٹر جنرل آف پاکستان آرڈیننس کے تحت آڈیٹر جنرل کے تقرر کے لئے 2 لازمی شرائط ہیں۔ جن کے مطابق آڈیٹر جنرل کا تعلق لازمی طور پر آڈٹ اینڈ اکاونٹس گروپ سے ہونا چاہئے۔ جبکہ اس پروفیشنل گروپ کا افسر نہ ہونے کی صورت میں پرائیویٹ سیکٹر یا کسی دوسری سروس کا موجودہ یا ریٹائرڈ افسر صرف اسی صورت میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان بن سکتا ہے اگر وہ چارٹرڈ اکاونٹینٹ رہا ہو یا کاسٹ اکاونٹینٹ ہو اور اس نے کم از کم 10 سال پبلک پریکٹس بھی کی ہو۔ ان دونوں شرائط کو پورا کرنے والا افسر ہی آڈیٹر جنرل ہو سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جن افسراد کے نام منصب کے لئے لئے جا رہے ہیں ان میں ایڈیشنل آڈیٹر جنرل عمران اقبال‘ سیکرٹری ریلویز پروین آغا اور آڈٹ گروپ کے 2 ریٹائرڈ افسر شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا کہ ان شرائط کی خلاف ورزی نہیں کی جا سکتی۔
آڈیٹر جنرل 8 اپریل کو ریٹائر ہونگے‘ نیا تقرر صدر مملکت کرینگے
Apr 06, 2017