راولپنڈی (اصغر شاد سے) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے لیاقت باغ سے مریڑ چوک تک دونوں اطراف کی شاہراہوں کی ری ڈیزائننگ کا فیصلہ کیا ہے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ وہ پوائنٹ ہے جہاں مری روڈ پر سب سے زیادہ ٹریفک جام رہتاہے اور اس کی وجہ سے ملحقہ سڑکوں اور دیگر مقامات پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوتا ہے جس کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس کی ری ڈیزائننگ کی جائے۔ اس مقصد کیلئے فزیبلٹی رپورٹ بنوانے کیلئے ملک کی متعدد کمپنیوں کو دعوت دی گئی ہے جس کیلئے 11کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں دو کمپنیوں اور آخر میں شارٹ لسٹ کرکے ایک کمپنی کو یہ فرائض سونپے گئے ہیں یہ کمپنی فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کا ایک کروڑ روپیہ معاوضہ وصول کرے گی۔ اس فزیبلٹی رپورٹ سے پتہ چل سکے گا کہ یہ منصوبہ کتنی مالیت کا ہوگا جس کے فوری بعد اس پراجیکٹ پر کام شروع کردیا جائیگا۔ اس سے قبل دیگر تمام متعلقہ اداروں بشمول واپڈا، واسا، راولپنڈی میونسپل کارپوریشن سے بھی کوارڈینیشن کی جائے گی جس کے بعد انجینئر اور دیگر ماہرین کا خیال ہے کہ ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوگی۔