لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنی بیٹیوں بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ گڑھی خدابخش بھٹو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور دیگر شہدا کے مزارت پر حاضری دے کر پھول چڑھائی اور فاتح خوانی کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے مزار کو عام لوگوں کے لیے مکمل طور پر بند کیا گیا۔ علاوہ ازیں آصف علی زرداری نے ضلع قمبر شہداد کوٹ سے منتخب ارکان اسمبلی اور پارٹی عہدیداران کے اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی فریال تالپور بھی موجود تھیں۔ اجلاس کے دوران ضلعے میں جاری ترقیاتی عمل اور پارٹی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان قومی اسمبلی نظیر احمد بگھیو اور رمیش لال، ارکان سندہ اسمبلی نادر خان مگسی، سردار خان چانڈیو اور مجتبیٰ اسران بھی اجلاس شریک تھے۔
آصف زرداری