نئی ٹیکس ایمنٹسی اسکیم کا فائدہ بھی صرف اشرافیہ کو ہو گا،ضیاء عباس

Apr 06, 2018

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)سینئر سیاستداں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سیّد ضیاء عباس نے روپے کی قدر میں مسلسل کمی پر تشویش ظاہر کی اور کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ٹیکس ایمنٹسی اسکیم کے بھی ملکی معیشت پر اچھے اثرات نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے کئی اسکیمیں لائی گئی جبکہ نئی ٹیکس ایمنٹسی اسکیم کا فائدہ بھی صرف اشرافیہ کو ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے غیر ملکی قرضوں کے حجم میں پہلے ہی تشویشناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے اس کے بعد ملکی معیشت مزید کسی ایڈونچر کی متحمل نہیں ہو سکتی نہ ہی قومی معیشت کو بیساکھیوں کے سہارے کھڑا کیا جاسکتا ہے۔ سیّد ضیاء عباس نے قومی بچت کی اسکیموں میں ردوبدل کی تجاویز کو بھی غیر ضروری قرار دیا اور کہا کہ اس کے نتیجے میں عام آدمی کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اس معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل بھی کی۔
ضیا عباس

مزیدخبریں